نماز اہل ایمان میںہمیشہ رہی ہے، مختلف انبیاء نے مختلف نمازیں پڑھی ہیں، نماز دین کا اہم ستون ہے، اسلام اللّٰہ تعالیٰ کا انسانیت کی طرف آخری پیغام ہے اس میں نما ز کو بہت اہمیت دی گئی ہے، مسلمان پر لازم ہے کہ وہ ہر دن میں پانچ نمازیں اپنے مقرر اوقات میں پڑھے اورنمازوں کو ایسے انداز اور ترتیب سے پڑ ھے جیسے اللّٰہ عَزَّوَجَل کے محبوب حضرت محمدصَلَّی اللّٰہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے نماز پڑھی اور ہمیں سکھائی ۔
پانچ نمازیں فرض ہیں اور یہ بندے کا رب تعالیٰ سے ایسا تعلق اور رشتہ ہے جس میں وہ اپنے رب کے ساتھ سرگوشی کرتا ہے، اسلام صرف اس بات کی دعوت نہیں دیتا کہ مسلمان صرف یہ عمل کرلیں بلکہ اسلام یہ چاہتا ہے کہ مسلمان نماز کے ذریعے سے اپنی روحوں کو پاک کریں،
اللّٰہ تعالیٰ قرآن کریم میں نماز کے بارے میں ارشاد فرماتا ہے:
اُتْلُ مَآ اُوْحِیَ اِلَیْکَ مِنَ الْکِتٰبِ وَاَقِمِ الصَّلٰوۃَط اِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنْہٰی عَنِ الْفَحْشَآئِ وَالْمُنْکَرِط وَلَذِکْرُ اللّٰہِ اَکْبَرُطوَاللّٰہُ یَعْلَمُ مَا تَصْنَعُوْنَo (پ۲۱، العنکبوت:۴۵)
ترجمۂ کنزالایمان:
اے محبوب پڑھو جو کتاب تمہاری طرف وحی کی گئی اور نماز قائم فرماؤ بے شک نماز منع کرتی ہے بے حیائی اور بُری بات سے اور بے شک ا للّٰہ کا ذکر سب سے بڑا اور اللّٰہ جانتا ہے جو تم کرتے ہو۔